واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کی درخواست مسترد کردی۔امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق بحیرۂ احمر میں حوثیوں سے درپیش خطرے کے معاملے پر سعودی ولی عہد نے گزشتہ روز امریکی صدر سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان نے ٹرمپ سے حوثیوں کے خلاف کارروائی کرنے پر زور دیا، تاہم امریکی صدر نے اس مطالبے کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ایکسیوس کا کہنا ہے کہ امریکی عسکری اور سول حکام گزشتہ چند ہفتوں سے اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اسی سلسلے میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر ہنگامی رابطہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ نے سعودی عرب پر حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں 73 افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔