ڈی آئی خان( پاکستان خبر) درابن کے علاقے شاہ عالم موڑ پر پولیس وین پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق پولیس نفری دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں مسلح حملہ آوروں نے پولیس وین کو نشانہ بنایا۔حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، تاہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔