دبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران تنازع کے دوران متحدہ عرب امارات پر سائبر حملوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا، ایک روز کے دوران 6 لاکھ 40 ہزار حملے ریکارڈ کیے گئے۔اماراتی حکام کے مطابق سائبر حملہ آوروں نے پیٹرولیم، گیس، بجلی، پانی اور بینکاری سمیت اہم شعبوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اماراتی سائبر سکیورٹی کونسل نے اداروں کو مسلسل محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال اپریل میں بھی سائبر حملوں کی تعداد 8 لاکھ تک پہنچ گئی تھی، جبکہ جنگ کے دوران سائبر حملے ایک نئے ہتھیار کے طور پر استعمال ہورہے ہیں۔اماراتی حکام کے مطابق 85 فیصد سے زائد سائبر حملے صارفین کی جانب سے غلط لنک یا مواد پر کلک کرنے کے نتیجے میں شروع ہوتے ہیں۔حکام نے خبردار کیا کہ سائبر حملہ آور کئی ماہ تک خاموش رہنے کے بعد بھی کارروائی کرسکتے ہیں، اس لیے اداروں کو مسلسل حفاظتی اقدامات اور نگرانی برقرار رکھنا ہوگی۔