کیلیفورنیا (ویب ڈیسک) بغیر پائلٹ کے مسافر طیارے نے امریکا بھر میں اپنی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی۔جوبی ایوی ایشن کے سنگل انجن سیسنا کاروان طیارے نے بغیر انسانی پائلٹ کی مدد کے 3 ہزار 199 میل کا سفر طے کیا۔ طیارے نے 7 ستمبر کو کیلیفورنیا سے پرواز شروع کی اور مقررہ راستے کیلئے خودکار پروگرام استعمال کیا گیا۔جوبی ایوی ایشن کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جو بین بیورٹ نے کہا کہ امریکا بھر کا یہ سفر ہوا بازی کے ایک نئے دور کی ابتدائی جھلک ہے۔آزمائشی پرواز کے دوران طیارے کو مختلف مقامات پر روکا گیا جبکہ خودکار نظام نے سفر میں آنے والی رکاوٹوں کی مسلسل نگرانی کی۔ کمپنی کے مطابق طیارے نے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔جوبی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ خودکار پروازوں کے ذریعے دور دراز علاقوں کو مرکزی خطوں سے ملانے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ قدرتی آفات کی صورت میں بھی امدادی کارروائیوں کیلئے فوری رسائی ممکن ہوگی۔