واشنگٹن( کامرس ڈیسک)امریکا میں ڈیزل کی فی گیلن قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح عبور کرتے ہوئے 6 اعشاریہ 2 ڈالر سے تجاوز کرگئی۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور تاحال کمی نہیں آسکی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔امریکی خام تیل 103 ڈالر فی بیرل جبکہ اماراتی مربان خام تیل 119 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوتا دیکھا گیا۔پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج رات متوقع ہے۔دوسری جانب شام میں حکومت کی جانب سے ڈیزل اور پیٹرول مہنگا کرنے کے فیصلے کے خلاف شہری احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور ٹائر بھی جلائے۔شامی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 40 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 28 فیصد اضافہ کیا تھا۔