واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے گزشتہ ایک سال کے دوران چین اور روس کے ساتھ محدود نوعیت کی نئی شراکت داریاں قائم کی ہیں، جن کا مقصد عالمی جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنا ہے۔خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کاش پٹیل نے بتایا کہ دونوں ممالک کے ساتھ ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے اہلکاروں کا تبادلہ، مشترکہ تحقیقات، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور بعض کارروائیاں کی گئی ہیں۔ایف بی آئی ڈائریکٹر کے مطابق چینی قانون نافذ کرنے والے اہلکار باقاعدگی سے امریکا کا دورہ کرتے ہیں، جبکہ امریکی حکام بھی چین جا کر مختلف مقدمات پر کام کرتے ہیں۔کاش پٹیل نے بتایا کہ مئی میں چین کی وزارتِ پبلک سکیورٹی اور دبئی پولیس کے ساتھ مل کر آپریشن سینڈ ڈالر کے دوران سائبر فراڈ کے ایک بڑے مرکز کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں 300 افراد گرفتار کیے گئے، 300 ملین ڈالر ضبط ہوئے اور انسانی اسمگلنگ کا شکار ہزاروں افراد کو آزاد کرایا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ تعاون صرف مخصوص جرائم تک محدود ہے اور اس سے امریکا کے روایتی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کی اہمیت متاثر نہیں ہوگی۔