مکے( سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلا دیش کی بیٹنگ لائن اپ مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 64 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جسے مچل اسٹارک نے درست ثابت کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی ہی گیند پر شادمان اسلام کو آؤٹ کرکے بنگلا دیش کی تباہی کا آغاز کیا۔پیٹ کمنز نے 3 جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلا دیش کے شادمان اسلام، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو اور لٹن داس کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ شریف الاسلام نے 14 رنز بنا کر آخری وکٹ کے لیے 25 رنز کی شراکت قائم کی۔جواب میں آسٹریلیا کو بھی ابتدائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 50 رنز پر اس کی 3 وکٹیں گر گئیں، جبکہ میزبان ٹیم کو بنگلا دیش کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 14 رنز درکار تھے۔واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔