اسلام آباد( کامرس ڈیسک)عالمی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی امید کے باعث تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت اور امریکا و ایران کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے امکانات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں نیچے آئیں۔برینٹ خام تیل کی قیمت 37 سینٹ کمی کے بعد 79.08 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 53 سینٹ کمی کے بعد 74.69 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا۔یہ کمی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس سے قبل برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو کئی ماہ سے جاری کشیدگی میں کمی آ سکتی ہے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول پر آنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔