واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ریپبلکن اور ڈیموکریٹک جماعتوں سے تعلق رکھنے والے چھ سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے روس سے ڈیزل خریدنے کا منصوبہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔سینیٹرز کا مؤقف ہے کہ یوکرین کے خلاف روسی جنگ جاری رہنے کے دوران ماسکو سے ایندھن کی خریداری روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو مالی فائدہ پہنچا سکتی ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، سینیٹرز نے اتوار کو جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ انتظامیہ نے اس منصوبے پر کانگریس سے مشاورت نہیں کی اور نہ ہی فیصلے کے جواز سے متعلق ضروری وضاحت فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ روس سے توانائی کی درآمدات پر پابندی سے متعلق امریکی قانون کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ روسی صدر پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ڈیزل کی فراہمی کا معاہدہ طے پایا ہے۔ٹرمپ کے مطابق روس فوری طور پر 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل امریکی اور عالمی منڈیوں کو فراہم کرے گا، جبکہ نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن اور اس کے بعد 10 لاکھ ٹن فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے بیان کے مطابق بعد کے مرحلے میں مختصر مدت کے دوران مزید 30 لاکھ ٹن ڈیزل بھی فراہم کیا جائے گا۔مشترکہ بیان پر دستخط کرنے والوں میں چار ریپبلکن سینیٹرز سوزن کولنز، لیزا مرکاؤسکی، تھوم ٹلس اور جان کرٹس شامل ہیں، جبکہ ڈیموکریٹک جماعت کے سینیٹرز جین شاہین اور رچرڈ بلومینتھل بھی اس مطالبے کی حمایت کر رہے ہیں۔ریپبلکن سینیٹر تھوم ٹلس نے این بی سی کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ روس سے ڈیزل خریدنے کا منصوبہ آگے بڑھاتی ہے تو اس پر سوال اٹھ سکتا ہے کہ آیا صدر قانون کی پابندی کر رہے ہیں یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس یوکرین میں جارحیت کا مرتکب ہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے اسے زیر قبضہ علاقوں سے نکلنا چاہیے۔یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی کانگریس نے حال ہی میں روسی تیل اور قدرتی گیس کے بڑے درآمد کنندگان پر بھاری محصولات عائد کرنے سے متعلق قانون سازی کی تھی۔ اس اقدام کا مقصد روس کی توانائی کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی محدود کرنا بتایا گیا تھا، جسے ماسکو یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کر سکتا ہے۔دوسری جانب ریپبلکن سینیٹر جان باراسو نے کہا کہ صدر ٹرمپ امریکا میں توانائی کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے بھی روس سے متعلق پابندیوں کے قانون پر عمل درآمد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پابندیاں پیوٹن پر دباؤ ڈالنے کا مؤثر ذریعہ بن سکتی ہیں۔ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں امریکا میں ڈیزل کی بلند قیمتوں کا ذمہ دار یوکرین کو قرار دیا ہے، جبکہ رپورٹ کے مطابق ایران کے خلاف امریکا کی قیادت میں جاری جنگ نے بھی عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافے میں کردار ادا کیا ہے۔
روس سے ڈیزل خریدنے کے ٹرمپ کے منصوبے پر امریکی سینیٹرز کا احتجاج، فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں