اسلام آباد( پاکستان خبر) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور امن ہی ترقی کا راستہ ہے، تاہم پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان شہریوں کی میزبانی کرتا آیا ہے۔ افغان عوام اور حکومت کے نظریات میں فرق ہے، افغان عوام کو حقوق اور معاشی بہتری ملنی چاہیے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے موجود ہیں، افغان حکومت کو دہشتگردی کی سوچ سے باہر نکلنا ہوگا۔ دہشتگردی کی سوچ کے باعث افغان حکومت کو معاشی خوشحالی حاصل نہ ہونا افغان عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب افغان عبوری حکومت دہشتگردی کو ایک مسئلہ سمجھے۔ افغان حکومت کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے پاکستان نے افغانستان وفود بھی بھیجے ہیں۔ افغان سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کا ماضی میں بھی جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔