کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) انسٹنٹ پیغام رسانی کی معروف ایپلی کیشن واٹس ایپ نے نیا ’’گیسٹ کالنگ‘‘ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کے ذریعے ایسے افراد کو بھی کال میں شرکت کی دعوت دی جاسکے گی جن کا واٹس ایپ اکاؤنٹ موجود نہیں۔نئے فیچر کے تحت صارفین کال کا دعوتی رابطہ بنا کر کسی بھی شخص کے ساتھ شیئر کرسکیں گے۔ کمپنی کے مطابق کال کے دورانیے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، جبکہ گفتگو کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا جائے گا۔اس سہولت میں کال میں شامل ہونے والے مہمان کو ابتدا میں انتظار گاہ میں رکھا جائے گا اور وہ میزبان کی اجازت کے بعد ہی گفتگو کا حصہ بن سکے گا۔ میزبان کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی وقت مہمان کو کال سے باہر نکال سکے۔واٹس ایپ کے مطابق مہمان کال میں شریک دیگر افراد کے فون نمبر نہیں دیکھ سکیں گے، نہ انہیں پیغامات بھیج پائیں گے اور نہ ہی براہِ راست کال کرسکیں گے۔ تاہم، انہیں اپنی اسکرین دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے، ردِعمل دینے اور گفتگو کے دوران بات کرنے کے لیے ہاتھ اٹھانے جیسی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔یہ فیچر واٹس ایپ کے ’’کالز‘‘ کے حصے میں دستیاب ہوگا، جہاں سے صارفین کال کا دعوتی رابطہ تیار کرکے متعلقہ افراد کو بھیج سکیں گے۔کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ وہ رواں سال کے اختتام تک اس سہولت کو گوگل کیلنڈر اور آؤٹ لک کیلنڈر سے منسلک کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے بعد صارفین اپنے کیلنڈرز سے براہِ راست واٹس ایپ کال کے دعوتی روابط تیار کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کا نیا گیسٹ کالنگ فیچر متعارف، اکاؤنٹ کے بغیر بھی کال ممکن
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی