کیلیفورنیا (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے پرانی گفتگو میں مطلوبہ پیغام تلاش کرنے کا عمل مزید آسان بنانے کیلئے نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے، جس کے بعد صارفین کو سرچ کیلئے چیٹ کی معلومات والی اسکرین پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے آئی او ایس کے بیٹا ورژن میں چیٹ کے اندر ہی سرچ شارٹ کٹ متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے صارف براہ راست چیٹ اسکرین سے پرانے پیغامات تلاش کرسکے گا۔فی الحال کسی چیٹ میں پرانا پیغام ڈھونڈنے کیلئے صارف کو چیٹ سے نکل کر چیٹ انفو میں جانا پڑتا ہے، جہاں سرچ کا آپشن منتخب کرکے مطلوبہ مواد تلاش کیا جاتا ہے۔ تاہم طویل عرصے پرانی گفتگو میں مخصوص پیغام تک پہنچنے کیلئے یہ طریقہ وقت طلب ہوسکتا ہے۔نئے فیچر کے تحت چیٹ اسکرین پر سرچ کا شارٹ کٹ موجود ہوگا، تاہم یہ بٹن ہر وقت دکھائی نہیں دے گا بلکہ صارف کے اوپر کی جانب اسکرول کرکے پرانے پیغامات تک پہنچنے پر ظاہر ہوگا۔یہ سہولت طویل چیٹس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے تلاش کا عمل مختصر کرسکتی ہے، کیونکہ انہیں بار بار چیٹ انفو اسکرین کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔رپورٹ کے مطابق یہ فیچر صرف چیٹس تک محدود نہیں ہوگا بلکہ واٹس ایپ چینلز میں بھی اس کی سہولت فراہم کرنے پر کام جاری ہے، جس سے صارفین چینلز میں موجود پرانی پوسٹس اور اپ ڈیٹس تلاش کرسکیں گے۔فی الحال یہ سہولت بیٹا ورژن میں آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے عام صارفین کیلئے اس کی باضابطہ دستیابی کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔