اسلام آباد( ویب ڈیسک)واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے چینلز سے ڈاؤن لوڈ ہونے والی میڈیا فائلوں کو آسانی سے منظم اور حذف کیا جا سکے گا، تاکہ موبائل فون میں اسٹوریج خالی رکھنے میں سہولت ملے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق چینل اسٹوریج کلین اپ فیچر فی الحال مرحلہ وار اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو فراہم کیا جا رہا ہے، اس لیے تمام بیٹا صارفین کو یہ سہولت فوری طور پر دستیاب نہیں ہوگی۔اس سے قبل صارفین کو چینلز کی میڈیا فائلیں حذف کرنے کے لیے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر ہر فائل الگ الگ منتخب کرنا پڑتی تھی، تاہم نئے فیچر کے ذریعے تصاویر، ویڈیوز، اسٹیکرز اور وائس نوٹس کو مختلف زمروں میں فلٹر کرکے غیر ضروری مواد کو تیزی سے حذف کیا جا سکے گا۔واٹس ایپ نے اس فیچر کے لیے دو طریقۂ کار بھی متعارف کرائے ہیں۔ پہلے طریقے میں صارف چینل انفارمیشن اسکرین پر جا کر کسی ایک چینل کی محفوظ میڈیا فائلیں دیکھ کر مطلوبہ مواد حذف کر سکتے ہیں۔دوسرے طریقے کے تحت اپ ڈیٹس ٹیب میں ایک یا ایک سے زیادہ چینلز منتخب کرکے کلیئر میڈیا فائلز کے آپشن کے ذریعے متعدد چینلز کی میڈیا فائلیں ایک ساتھ حذف کی جا سکیں گی۔یہ نیا فیچر بالخصوص ان صارفین کے لیے فائدہ مند ہوگا جو متعدد واٹس ایپ چینلز فالو کرتے ہیں اور جن کے موبائل فون کی اسٹوریج میڈیا فائلوں کی وجہ سے جلد بھر جاتی ہے۔