اسلام آباد( ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دارالحکومت میں امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بھرپور طریقے سے روکا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آج تک پرامن احتجاج کرتے نہیں دیکھا، اسے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، بصورت دیگر ایسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جو اسے ہمیشہ یاد رہیں گے۔عطا تارڑ کے مطابق عمران خان کی بہنوں کو مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا کہ وہ امن و امان خراب کرسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں فیصلہ سازی کا اختیار کس کے پاس ہے، یہ واضح نہیں۔وفاقی وزیر نے بیرسٹر گوہر کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی میں ان کی بات نہیں سنی جاتی، جبکہ مذاکرات کی بات کرنے والے چند افراد کے پاس کوئی اختیار نہیں۔ ان کے بقول ایسے لوگوں سے مذاکرات کا نہ کوئی جواز ہے اور نہ فائدہ، کیونکہ ان کی بات پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔