دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قطر میں یمن کے سفیر راجح بادی نے الزام عائد کیا ہے کہ یمن میں حالیہ لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے، جو حوثی باغیوں کے ذریعے بحیرۂ احمر کی اہم بحری گزرگاہوں پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانا چاہتا ہے۔یمنی سفیر نے لڑائی کا آغاز کرنے کا ذمہ دار حوثیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ بحیرۂ احمر کے ساتھ موجود اہم اور تزویراتی علاقوں پر قبضہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔راجح بادی کے مطابق ایران اور حوثیوں کے باہمی تعلقات اب کسی سے پوشیدہ نہیں، جبکہ تہران حوثیوں کو اپنے باقی ماندہ دباؤ کے ایک ذریعے کے طور پر مزید مضبوط بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران کے حوالے سے یہ دعویٰ درست ہے کہ وہ آبنائے ہرمز اور باب المندب پر کنٹرول رکھتا ہے تو یہ صورتحال کسی بھی جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے سے زیادہ طاقتور ثابت ہوسکتی ہے۔