کیلیفور نیا( ویب ڈیسک)یوٹیوب نے ویڈیوز کے ویوز گننے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت اب ویڈیو چلتے ہی اسے ایک ویو شمار کیا جائے گا۔ یہ سہولت خاص طور پر طویل ویڈیوز بنانے والے صارفین کے لیے اہم قرار دی جارہی ہے۔اس سے قبل یوٹیوب نے یہی نظام شارٹس ویڈیوز کے لیے متعارف کرایا تھا، جبکہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر بھی ویڈیو شروع ہوتے ہی ویو شمار کیا جاتا ہے۔یوٹیوب کے مطابق صارفین کی جانب سے موجودہ ویو کاؤنٹنگ نظام پر الجھن کا اظہار کیے جانے کے بعد نئی تبدیلی کی گئی ہے۔ نئے طریقہ کار کے نتیجے میں ویوز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، بالخصوص ان ویڈیوز میں جنہیں ناظرین مختصر وقت تک دیکھتے ہیں۔کمپنی نے واضح کیا ہے کہ پرانا ویو کاؤنٹ بھی برقرار رہے گا، جسے اب ’’مصروف ناظرین کے ویوز‘‘ کا نام دیا جائے گا اور اسے صارفین تجزیاتی نظام کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔ نئی تبدیلی سے آمدنی یا یوٹیوب شراکت داری پروگرام میں شمولیت کی اہلیت متاثر نہیں ہوگی۔ نیا نظام 24 اگست سے نافذ ہوگا۔دوسری جانب یوٹیوب نے آمدنی حاصل کرنے کے لیے شراکت داری پروگرام کی شرائط بھی سخت کردی ہیں۔ پہلے ایک ہزار صارفین کی رکنیت اور ایک سال میں طویل ویڈیوز کے 4 ہزار گھنٹے دیکھے جانے کی شرط تھی، تاہم اب یہ حد بڑھا کر 8 ہزار گھنٹے کردی گئی ہے۔شارٹس کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کے لیے بھی گزشتہ 90 دن میں 2 کروڑ مرتبہ ویڈیو دیکھے جانے کی شرط مقرر کی گئی ہے، جو پہلے ایک کروڑ تھی۔ یہ نئی شرائط یکم فروری 2027 سے نافذ ہوں گی، تاہم پہلے سے شراکت داری پروگرام کا حصہ صارفین اس تبدیلی سے متاثر نہیں ہوں گے۔