لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ راشد خان گزشتہ چھ ماہ سے درجہ بندی میں سرفہرست تھے۔ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔پاکستان کے محمد نواز بولرز کی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجے تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے 47 درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی درجہ بندی میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ جوز بٹلر سیریز میں 172 رنز بنانے کے بعد ایک درجے ترقی کرکے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔پاکستان کے صاحبزادہ فرحان بیٹرز کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ کوئی دوسرا پاکستانی بیٹر ٹاپ 20 میں شامل نہیں۔ایک روزہ کرکٹ کی درجہ بندی میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے پانچ درجے ترقی کرکے 24ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔