اسلام آباد (پاکستان خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بعض پیٹرول پمپس کی جانب سے صارفین کو ریلیف نہ دینے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ ایسے پمپس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ متوقع تھا، تاہم حکومت کے بروقت فیصلوں کے باعث یہ اضافہ نہیں کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا ہے، حکومت ایل پی جی درآمد کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح امن و امان کا قیام ہے۔ ان کے مطابق صوبے کے لیے 160 ارب روپے کے پیکیج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔