کراچی (پاکستان خبر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جو لوگ کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے، وہ نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔کراچی کے ضلع کورنگی میں پارٹی ذمہ داران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں، آئین کے خود ساختہ علمبردار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے ہوئے آئین میں 27 ترامیم کروا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق بجٹ کے پہلے ہی روز مالی طور پر بے بس ہوجاتا ہے، جبکہ صوبے ہزاروں ارب روپے وصول کرنے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے گریزاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 16 برس کے دوران وفاق سے 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور تک ہر طرف دھول اڑ رہی ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تحریک عام انتخابات یا نشستیں حاصل کرنے کا معاملہ نہیں، بلکہ پاکستان کی بقا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ایک سنجیدہ جدوجہد ہے۔ جو لوگ کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے، وہ نئے صوبوں کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی تیار ہے، ظلم کا خاتمہ ہوگا اور مظلوم عوام کے لیے آسانیوں کا دور شروع ہونے والا ہے۔ انہوں نے اسے ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ اگلے سال سے پاکستان کی حقیقی آزادی کے مستقل عہد کا آغاز ہوگا اور نئے صوبوں کے حق میں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں کراچی اپنا فیصلہ سنائے گا۔
نئے صوبوں کی مخالفت کرنے والے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، مصطفیٰ کمال
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان