اسلام آباد (پاکستان خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ زیادہ دیر تک زیر التوا نہیں رہے گا اور نئے سال کے آغاز میں اس کا حل سامنے آجائے گا۔ جلد ایسی صورت حال پیدا ہوجائے گی جو تمام فریقوں کے لیے قابل قبول ہوگی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش موجود ہے اور آئینی ترامیم کا طریقہ کار بھی واضح طور پر درج ہے۔ ریفرنڈم نئے سال کے آغاز میں ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی وقت نہیں بتایا جاسکتا۔ ریفرنڈم کے معاملے پر دیگر متعلقہ فریقوں سے رابطے جاری ہیں اور جو کوششیں کی جارہی ہیں ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جو بھی دستاویز تیار ہوگی، وہ تمام فریقوں کی مشترکہ ہوگی۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم پر اگر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عمل درآمد کیا جاتا تو آج یہ بحث نہ چھڑتی، تاہم اب اس ترمیم کی روح ختم کی جاچکی ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک بھر میں نئے صوبے قائم کیے جائیں، تاہم ان کی تعداد کتنی ہوگی، اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔