دوحہ (سپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے مقابلے میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 49 اوورز میں 265 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔بھارت اے کے کپتان تلک ورما نے 149 گیندوں پر 100 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ انہیں احمد دانیال نے وکٹ کیپر روہیل نذیر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ روہیل نذیر نے شارٹ فائن لیگ پر دوڑتے ہوئے شاندار کیچ پکڑا۔بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے 70 جبکہ شہباز احمد نے 49 گیندوں پر 56 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور 4 چھکے شامل تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 100 رنز کی اہم شراکت قائم کی، تاہم علی رضا نے شہباز احمد کو آؤٹ کرکے یہ شراکت توڑ دی۔پاکستان کی جانب سے علی رضا اور حسن نواز نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عمران نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ علی رضا نے یکے بعد دیگرے شہباز احمد اور وپراج نگم کو آؤٹ کیا، جبکہ ہرشتھ رانا بغیر کوئی رن بنائے محمد عمران کا شکار بنے۔اس سے قبل پاکستان شاہینز کی ٹیم آخری اوور میں 313 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ حسن نواز نے 79، معاذ صداقت نے 59 اور فرحان یوسف نے 48 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شامل حسین نے بھی 33 رنز بنائے۔بھارت اے کی جانب سے وپراج، سُریانش، پرنس یادیو اور ہرشتھ رانا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی اننگز کے دوران پچ پر گیند کہیں تیز اور کہیں سست آرہی تھی، تاہم قومی بیٹرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 313 رنز تک پہنچایا۔
رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے ہرا دیا
واپس خبروں پر
Category:
کھیل