ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار اور بگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن نے چند روز کے لیے سوشل میڈیا سے دور رہنے کا اعلان کیا ہے اور اس کی وجہ بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کردی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سینئر اداکار نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ فی الحال سوشل میڈیا پر کچھ لکھنے سے قاصر ہیں۔امیتابھ بچن نے اپنے پیغام میں معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں آرام کرنے اور صحت یاب ہونے کے لیے چند دن کی چھٹی لینے کا مشورہ دیا گیا ہے، اسی لیے وہ کچھ وقت کے لیے سوشل میڈیا پر متحرک نہیں رہ سکیں گے۔اداکار کے اس اعلان کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش پائی جاتی ہے، کیونکہ وہ باقاعدگی سے امیتابھ بچن کی سوشل میڈیا پوسٹس اور تازہ معلومات کا انتظار کرتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، امیتابھ بچن نے اس اعلان سے ایک روز قبل اپنے سرکاری بلاگ پر بھی اسی نوعیت کا پیغام شیئر کیا تھا۔ ان پیغامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں آرام اور صحت یابی کے دوران اپنی آن لائن سرگرمیاں محدود رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔تاہم، اداکار نے اپنی صحت سے متعلق مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔