لاس اینجلس( شو بز ڈیسک) ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں ہونے والی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں ایک بار پھر آواز اٹھائی ہے۔انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر گوگل ارتھ کی جنگ سے قبل اور بعد کی تصاویر جاری کیں، جن میں رفح، خان یونس اور غزہ سٹی کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔اداکارہ نے لکھا کہ گوگل ارتھ کے ذریعے اب غزہ میں ہونے والی تباہی دیکھی جا سکتی ہے، جہاں پورے کے پورے محلے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں جبکہ گھروں، اسکولوں، جامعات، اسپتالوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جون تک غزہ کی 82 فیصد عمارتیں متاثر ہوچکی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر تباہی کی شدت تو دکھا سکتی ہیں، تاہم متاثرہ خاندانوں اور زندہ بچ جانے والوں کی تکلیف اور مشکلات کو بیان نہیں کرسکتیں۔