لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست کا ذمہ دار انہیں قرار دینے والے ناقدین کو جواب دے دیا۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 28 سالہ اعظم خان نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا الزام ان پر عائد کرنا ناانصافی ہے، کیونکہ انہوں نے ایونٹ میں صرف ایک میچ کھیلا تھا اور محض ایک گیند کا سامنا کیا تھا۔اعظم خان کا کہنا تھا کہ ان کی جسمانی فٹنس اور کھیلنے کی صلاحیت پر تنقید کرنے والوں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کے دیگر فٹ اور بہترین کھلاڑی بھی 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔واضح رہے کہ 9 جون 2024 کو نیویارک میں کھیلے گئے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز بنائے تھے، تاہم پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکی۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔اعظم خان امریکا کے خلاف افتتاحی میچ میں پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے، جس کے بعد انہیں ٹورنامنٹ کے کسی دوسرے میچ میں موقع نہیں دیا گیا۔ پاکستان ٹیم بھی گروپ مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی تھی۔