لاہور( سپورٹس ڈیسک) معروف پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرتگال کی قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔41 سالہ پرتگالی کپتان نے گزشتہ ہفتے ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے رہنے اور ڈنمارک کے خلاف مقابلے میں ابتدائی ٹیم کا حصہ نہ بننے کے بعد نیشنز لیگ کا کیمپ چھوڑ دیا تھا۔رونالڈو نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کو ان کے اقدام کا جائزہ لے کر انہیں سزا دینی چاہیے اور وہ سزا میں کمی کے حق میں نہیں ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنے اقدام پر معذرت کرچکے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ہر عمل کے نتائج ہوتے ہیں۔تاہم رونالڈو نے کوچ جارج جیزس پر اعتماد توڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کوچ نے پہلے ناروے کے خلاف انہیں میدان میں اتارنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا، جس سے ان کا اعتماد مجروح ہوا۔رونالڈو نے کہا کہ اگر وہ جسمانی طور پر فٹ رہے، اپنی کلب ٹیم کے لیے کھیلتے رہے اور گول اسکور کرتے رہے تو وہ پرتگال کی نمائندگی جاری رکھنا چاہیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ معطلی کی مدت مکمل ہونے کے بعد وہ ہمیشہ کی طرح قومی ٹیم کے لیے کھیلنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے 234 میچز میں 146 گول کرچکے ہیں، جو دونوں اعتبار سے عالمی ریکارڈ ہیں۔ انہوں نے پرتگال کو 2016ء کی یورپی چیمپئن شپ اور دو مرتبہ نیشنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔