اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)بین الاقوامی مارکیٹوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا، برینٹ خام تیل 1.32 فیصد بڑھ کر 115.37 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس خام تیل 1.48 فیصد اضافے کے بعد 101.36 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرنے لگا۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستانی معیشت پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، جس کے باعث ملک کا درآمدی بل تیزی سے بڑھ رہا ہے۔مہنگے خام تیل کی خریداری کے باعث ستمبر 2026 میں پاکستان کی درآمدات گزشتہ 51 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ اس دوران ملکی درآمدی بل 6 ارب 17 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا، جبکہ مجموعی درآمدات تقریباً 6.2 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات اور غذائی اشیاء کی درآمدات میں اضافے نے درآمدی اخراجات بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے سے پاکستان کے درآمدی اخراجات پر دباؤ مزید بڑھ رہا ہے۔معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتا ہوا درآمدی بل ملکی معیشت اور بیرونی ادائیگیوں کے توازن کے لیے بڑا چیلنج بن سکتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت کو مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔