کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام طویل ویڈیوز کے لیے نیا فارمیٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے تحت منتخب کریئیٹرز 90 منٹ تک دورانیے کی افقی ویڈیوز اپ لوڈ کرسکیں گے۔رپورٹس کے مطابق ’فیچرز‘ نامی اس نئے فارمیٹ کا مقصد پوڈکاسٹس، انٹرویوز، کامیڈی شوز اور دیگر طویل ویڈیوز کے لیے پلیٹ فارم پر جگہ فراہم کرنا ہے، جنہیں مختصر ریلز میں پیش کرنا مشکل ہوتا ہے۔سوشل میڈیا ٹوڈے کے مطابق انسٹاگرام امریکا میں محدود تعداد میں کریئیٹرز کے ساتھ اس فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جبکہ اس سے قبل برازیل میں بھی اس کی جانچ کی جاچکی ہے۔انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری اور نائب صدر برائے مصنوعات ٹیسا لیونز نے ایک ویڈیو میں نئے فارمیٹ کا اعلان کرتے ہوئے پلیٹ فارم پر ویڈیوز بنانے اور دیکھنے کے بدلتے رجحانات پر گفتگو کی۔ایڈم موسیری کے مطابق انسٹاگرام طویل ویڈیوز میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور ’فیچرز‘ کو ریلز، سیریز، لائیو اور ٹی وی سمیت دیگر ویڈیو فارمیٹس کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور آزمائش کے دوران کریئیٹرز اور صارفین کی آرا حاصل کی جائیں گی۔ اس فیچر کا مقصد مواد تخلیق کرنے والوں کو زیادہ وقت اور گنجائش دینا ہے تاکہ وہ اپنی کمیونٹیز کے ساتھ مزید تفصیلی اور دلچسپ مواد شیئر کرسکیں۔انسٹاگرام کی جانب سے آزمائش کے نتائج اور فیچر کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔