سڈنی( سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بال ٹیمپرنگ کے بدنام زمانہ تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے عثمان خواجہ کے انکشافات کی مکمل تائید کردی۔ڈیوڈ وارنر نے اپنے سماجی رابطے کے کھاتے پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس معاملے پر بات کیے ہوئے کئی برس گزر چکے ہیں اور وہ اس حوالے سے عثمان خواجہ کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔اس سے قبل عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت ’’صبر‘‘ میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران پیش آنے والے گیند سے چھیڑ چھاڑ کے واقعے پر اہم انکشافات کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اس معاملے سے آگاہ تھے۔وارنر نے عثمان خواجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو کچھ بیان کیا وہ بالکل درست ہے۔ وہ اس بات پر ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے آگے بڑھ کر حقائق سامنے رکھے، کیونکہ لوگ طویل عرصے سے اس واقعے کی حقیقت جاننا چاہتے تھے۔سابق آسٹریلوی بلے باز نے مزید کہا کہ خواجہ نے اس روز پیش آنے والے واقعات کی ایک ایک تفصیل بیان کردی ہے، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ڈیوڈ وارنر نے تحقیقات کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عثمان خواجہ کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ موجود تھے، لیکن تحقیقاتی عمل کے دوران ان کا انٹرویو نہیں کیا گیا۔ یہ بات ان کے لیے حیران کن تھی۔واضح رہے کہ گیند سے چھیڑ چھاڑ کے واقعے پر کرکٹ آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکرافٹ اور اسٹیو اسمتھ کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں۔