نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست کرناٹک: دعوت کے دوران اپنے دوست سے زیادہ چکن تکے کھانے پر ہونے والی تلخ کلامی نے سنگین رخ اختیار کرلیا، ایک شخص نے چاقو کے وار کرکے اپنے دوست کی جان لے لی۔پولیس کے مطابق ارون کمار اور سیتارام کے درمیان چکن تکے کے ٹکڑوں پر جھگڑا ہوا، جس کے دوران ارون کمار نے چاقو سے سیتارام پر حملہ کردیا۔ شدید زخمی سیتارام کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس اہلکار اسپتال پہنچے اور ارون کمار کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے دوست پر چاقو سے حملہ کرنے کا اعتراف کرلیا۔پولیس کو دیے گئے بیان میں ارون کمار نے بتایا کہ سیتارام نے اس سے زیادہ مرتبہ چکن کے ٹکڑے اٹھا کر کھائے، جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوا اور نوبت چاقو کے وار تک پہنچ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیتارام زخموں کی شدت برداشت نہ کرسکا اور دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔