لاہور( شو بز ڈیسک)پاکستانی گلوکار حسن رحیم کا کوک اسٹوڈیو کا مقبول گانا ’پیچھے ہٹ‘ نیٹ فلکس کی نئی ڈانس کامیڈی فلم ’بیسٹ آف دی بیسٹ‘ کے ساؤنڈ ٹریک میں شامل کر لیا گیا۔18 ستمبر سے نیٹ فلکس پر دستیاب فلم کی کہانی بچپن کی دو سہیلیوں مایا اور انجلی کے گرد گھومتی ہے، جو یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس کی مسابقتی بالی ووڈ فیوژن ڈانس ٹیم کا حصہ بنتی ہیں اور امریکی چیمپیئن شپ جیتنے کیلئے مقابلہ کرتی ہیں۔فلم میں ’پیچھے ہٹ‘ کی شمولیت کے باعث حسن رحیم کی موسیقی بالی ووڈ فیوژن ساؤنڈ ٹریک کا حصہ بن گئی ہے۔یہ گانا پہلی مرتبہ 2022ء میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 میں پیش کیا گیا تھا، جس میں حسن رحیم نے جسٹن جسٹن بیبیز اور طلال قریشی کے ساتھ آواز کا جادو جگایا تھا۔ گانا 19 فروری 2022ء کو ریلیز ہوا، جبکہ اس کی سرکاری موسیقی ویڈیو یوٹیوب پر 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔’پیچھے ہٹ‘ کے بول حسن رحیم نے تحریر کیے، جبکہ گانے کی کہانی حسن رحیم اور زلفی نے ترتیب دی۔ طلال قریشی اور زلفی نے دھن، ترتیب اور پروڈکشن کی ذمہ داریاں سنبھالیں، جبکہ طلال قریشی نے ہُک لائن بھی تیار کی۔’بیسٹ آف دی بیسٹ‘ میں حسن رحیم کے گانے کے علاوہ بلیک پنک، اینہائپن، ہنومین کائنڈ اور اے آر رحمان سمیت دیگر فنکاروں کی موسیقی بھی شامل ہے۔لینا خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں میتری رام کرشنن نے مایا، پریانکا کیڈیا نے انجلی اور حسن منہاج نے پروفیسر حمزہ لطیف کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم کے ساؤنڈ ٹریک میں بین الاقوامی پاپ اور ہپ ہاپ موسیقی کے ساتھ پاکستانی اور جنوبی ایشیائی گانوں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔