استنبول ( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون (کامسیک) کے 42ویں وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے۔استنبول ایئرپورٹ پر پاکستان کے قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم نے ان کا استقبال کیا۔اجلاس میں اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تجارت بڑھانے اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کے امور زیر بحث آئیں گے۔ اس موقع پر تجارتی روابط، برآمدات کے فروغ، تجارتی مالی معاونت کے مؤثر نظام اور نجی شعبے کے کردار کو مزید مستحکم بنانے پر بھی غور کیا جائے گا۔دورے کے دوران جام کمال خان کی ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے ہم منصب وزرائے تجارت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں باہمی تجارت کے فروغ، نئی منڈیوں تک رسائی اور اقتصادی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔وفاقی وزیر اجلاس میں پاکستان کے لیے نئی تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داریوں کے مواقع بھی اجاگر کریں گے۔ پاکستان کی کامسیک اجلاس میں شرکت اسلامی ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے، علاقائی تعاون کو فروغ دینے اور برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔