واشنگٹن( ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا نے خراب ہوتی خلائی دوربین سوئفٹ آبزرویٹری کو بچانے کی کوشش ختم کردی، جس کے نتیجے میں دوربین کے رواں سال کے آخر میں بے قابو ہوکر زمین کی فضا میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ناسا نے تقریباً 3 کروڑ ڈالر کی لاگت سے ایک دوسرے خلائی جہاز کے ذریعے سوئفٹ آبزرویٹری کو بلند مدار میں منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاکہ اسے زمین کی جانب بے قابو واپسی سے محفوظ رکھا جاسکے۔ریسکیو مشن کے لیے بھیجا گیا خلائی جہاز لنک جولائی کے آغاز میں روانہ کیے جانے کے چند ہفتوں بعد بے قابو انداز میں گردش کرنے لگا۔ اگرچہ پرواز کے نگران اس کی گردش کسی حد تک کم کرنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم مدار میں اس کی سمت اور پوزیشن برقرار رکھنے کے مسائل حل نہ ہوسکے۔بالآخر ناسا نے سوئفٹ آبزرویٹری کو بچانے کا مشن منسوخ کردیا۔ دوربین زمین کی فضا میں کب اور کہاں دوبارہ داخل ہوگی، اس کی حتمی تاریخ اور مقام تاحال معلوم نہیں۔ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین نے کہا کہ یہ وہ نتیجہ نہیں تھا جس کے لیے ادارہ کوشش کررہا تھا، تاہم اس سے یہ حقیقت تبدیل نہیں ہوتی کہ مشن کی کوشش کیوں ضروری تھی۔