لاہور ( سپورٹس ڈیسک)ایشین گیمز 2026 میں شرکت کیلئے پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا چار روزہ مختصر تربیتی کیمپ کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوگیا، جو جمعرات تک جاری رہے گا۔کیمپ کے پہلے روز قومی کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مختلف مشقوں میں حصہ لیا۔ ابتدائی دو روز بنیادی تربیت کے بعد بدھ کو اوول گراؤنڈ میں تربیتی ٹی ٹوئنٹی میچ جبکہ جمعرات کو سینٹر وکٹ پر منظرنامہ مشق میچ کھیلا جائے گا، جس کیلئے مقامی کرکٹرز کی بھی مدد لی جائے گی۔کیمپ مکمل ہونے کے بعد 24 ستمبر کی درمیانی شب 21 رکنی قومی دستہ جاپان روانہ ہوگا۔ عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم لیگ مصروفیات مکمل کرکے بعد میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کے باعث فاسٹ بولر محمد سلمان مرزا اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔قومی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے جبکہ عبدالصمد نائب کپتان ہوں گے۔ اسکواڈ میں ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان بھی شامل ہیں۔جاپان میں مینز کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز 24 ستمبر سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی اور ان میں سے 4 کوارٹر فائنل میں پہنچیں گی۔ پاکستان اور بھارت سمیت سری لنکا اور بنگلادیش کو 28 اور 29 ستمبر کو کوارٹر فائنلز میں شرکت کرنا ہے، دونوں سیمی فائنلز یکم اکتوبر جبکہ طلائی تمغے کا فیصلہ 3 اکتوبر کو ہوگا۔