لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن بلے بازوں کا راج رہا، جہاں پانچ کھلاڑیوں نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ ایم آئی ٹی کے محمد فاروق، سلمان خان جونیئر اور عتیق الرحمٰن، غنی کے شرجیل خان اور کنگز مین اکیڈمی کے محمد طیب عارف نے سنچریاں بنائیں۔راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں ایم آئی ٹی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد فاروق اور حسنین ندیم نے پہلی وکٹ کے لیے 133 رنز جوڑے۔ حسنین 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد فاروق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے۔فاروق نے صرف 67 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور ایک فرسٹ کلاس اننگز میں پاکستانی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ماجد خان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیسری اور مسلسل دوسری سنچری ہے۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد عتیق الرحمٰن اور سلمان خان جونیئر نے چوتھی وکٹ کے لیے 217 رنز کی شراکت قائم کی۔ عتیق نے 142 جبکہ سلمان نے ناقابل شکست 106 رنز بنائے۔ یوں ایم آئی ٹی نے دن کا اختتام 4 وکٹوں پر 476 رنز کے ساتھ کیا۔اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں غنی نے پہلے ایس این جی پی ایل کو 152 رنز پر آؤٹ کیا۔ شعیب اختر جونیئر نے 5 اور خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں غنی نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے، جس میں شرجیل خان کی 156 رنز کی برق رفتار اننگز نمایاں رہی۔ شرجیل نے 120 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں کنگز مین اکیڈمی کی ٹیم او جی ڈی سی ایل کے خلاف 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی، تاہم کپتان محمد طیب عارف نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی۔ محمد عامر خان نے 5 جبکہ محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان ٹیلی وژن کے خلاف دن کے اختتام تک 9 وکٹوں پر 278 رنز بنائے۔ حسن رضا نے 75، کپتان محمد غازی غوری نے 66 اور رمیز عزیز نے ناقابل شکست 42 رنز اسکور کیے۔ پی ٹی وی کی جانب سے موسیٰ خان اور عماد بٹ نے 3،3 جبکہ حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔