اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے فیول سبسڈی پروگرام کے تحت مستحق شہریوں کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر ہونے والی پیشرفت اور شفافیت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار آسان بنانے سے مستحق شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے چلائی جانے والی شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔وزیراعظم نے مؤثر نگرانی اور کارکردگی جانچنے کے نظام کی تیاری پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ، وفاقی سیکریٹری ضرار ہاشم خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیول ریلیف پروگرام کے تحت اب تک 15,519,282 شہری رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جن میں 15.06 ملین موٹر سائیکلیں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے 449,800 مالکان شامل ہیں۔حکام کے مطابق اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 63,153,685 ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 59,445,347 استعمال ہوچکے ہیں، جبکہ 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی کی مد میں 28.6 ارب روپے ادا کیے جاچکے ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پروگرام سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پٹرول پمپس کی سہولت کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، مصدق ملک، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔