کوئٹہ( سپورٹس ڈیسک) ایف سی بلوچستان نارتھ کے تعاون سے منعقدہ گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا فائنل کوئٹہ کینٹ کے چاغی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کوئٹہ بیئرز نے چاغی اسکارپیئنز کو 32 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔فائنل میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ شائقین نے بھی مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین تھے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔فیصلہ کن مقابلے میں کوئٹہ بیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 196 رنز بنائے۔ جواب میں چاغی اسکارپیئنز کی پوری ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔یوں کوئٹہ بیئرز نے 32 رنز کے فرق سے فتح حاصل کرکے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔میچ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے نقد اور ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کو 7 لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی۔تقریب میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور مقامی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اختتامی تقریب کے دوران اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی بھی کی گئی، جس سے رنگ برنگی روشنیوں نے جشن کا سماں باندھ دیا اور شائقین محظوظ ہوتے رہے۔