کراچی( شو بز ڈیسک)اداکار سعود قاسمی نے اداکارہ و میزبان نادیہ خان کو شوبز شخصیات کے درمیان اختلافات اور تنازعات کو ہوا دینے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔واسع چوہدری کے پروگرام ’گپ شپ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سعود قاسمی نے کہا کہ ٹی وی پروگرامز میں متنازع سوالات کے ذریعے فنکاروں کے درمیان اختلافات پیدا کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق نادیہ خان ماضی میں بھی مختلف شخصیات سے متعلق اپنے بیانات کے ذریعے تنازعات کو بڑھاتی رہی ہیں۔سعود قاسمی نے نادیہ خان کو ’فسادَن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں زیادہ تر افراد ایک دوسرے سے اچھے تعلقات رکھتے ہیں اور تنازعات چند روز میں خود ہی ختم ہوجاتے ہیں، اس لیے انہیں مزید ہوا نہیں دینی چاہیے۔دوسری جانب نادیہ خان نے سعود قاسمی کے الزامات پر فوری ردعمل دیتے ہوئے انہیں من گھڑت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعود کی جانب سے کی گئی باتیں بالآخر انہی کے خلاف چلی گئیں۔نادیہ خان نے پروگرام کے میزبان واسع چوہدری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ پروگرام کی ریٹنگ کے لیے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔