ریاض( سپورٹس ڈیسک) سعودی عرب نے 2034 فیفا ورلڈکپ کے لیے بنائے جانے والے منفرد نیوم اسٹیڈیم کی تعمیر غیر معینہ مدت تک روک دی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق معاملے سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نیوم کے بڑے منصوبے ’دی لائن‘ میں تاخیر اور اس کے حجم میں کمی کے بعد کیا گیا۔نیوم اسٹیڈیم کو تقریباً 160 کلومیٹر طویل مستقبل کے شہر ’دی لائن‘ میں بلند مقام پر تعمیر کیا جانا تھا۔ منصوبے کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا اہم حصہ قرار دیا گیا تھا، جس کا مقصد ملکی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر مختلف شعبوں میں وسعت دینا ہے۔تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی کرنے والے ادارے ’میڈ پروجیکٹس‘ کے مطابق 46 ہزار نشستوں پر مشتمل نیوم اسٹیڈیم کی متوقع لاگت تقریباً 2.5 ارب ڈالر تھی، تاہم اسے فی الحال روک دیا گیا ہے اور تکمیل کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔سعودی عرب 2034 ورلڈکپ کے لیے 5 شہروں میں 15 اسٹیڈیمز کی تعمیر یا اپ گریڈیشن کے علاوہ متعدد تربیتی مراکز بھی تیار کر رہا ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 22.7 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق خطے میں جاری جنگی صورتحال، بنیادی ڈھانچے کو لاحق خطرات اور ملکی بجٹ پر دباؤ نے بھی بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔تاہم سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کی تیاریوں میں اہم پیش رفت بدستور جاری ہے۔