ناگویا( سپورٹس ڈیسک)بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل عہدیدار گُرِندر سنگھ سنگھا کو ایشین گیمز کے دوران مبینہ جنسی ہراسانی کی متعدد شکایات سامنے آنے کے بعد جاپان سے واپس بھارت بھیج دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ناگویا میں قیام کے دوران گُرِندر سنگھ سنگھا پر ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ہوٹل کی ایک ملازمہ کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات سامنے آئے۔ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ ملائیشین خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائے جانے کے بعد گُرِندر سنگھ سنگھا کو دو روز قبل بھارت واپس بھیج دیا گیا۔عہدیدار کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن کی تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد امپائر کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔ اگر رپورٹ میں الزامات ثابت ہوئے تو ان کے خلاف سخت اقدام کیا جائے گا۔ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں کے لیے امپائرز اور ٹیکنیکل عہدیداروں کا انتخاب ایشین ہاکی فیڈریشن کرتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گُرِندر سنگھ سنگھا کے خلاف اس نوعیت کی شکایت پہلی مرتبہ سامنے نہیں آئی۔ 2025ء میں رانچی میں ہاکی انڈیا لیگ کے دوران بھی ایک خاتون امپائر نے ان کے خلاف شکایت کی تھی۔بعد ازاں ہاکی انڈیا نے معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم کی، تاہم تحقیقات کے دوران کمیٹی کو ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا تھا۔