واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کے بعد نتائج تسلیم کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتیں بعض معاملات پر اتفاقِ رائے قائم کرسکتی ہیں۔نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ انتخابی نتائج قبول کرنے اور اپوزیشن کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہیں امید ہے کہ دونوں جماعتیں کسی مشترکہ لائحہ عمل یا سمجھوتے تک پہنچ سکتی ہیں۔ریپبلکن امیدواروں کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ بیلٹ پر ان کا اپنا نام شامل نہ ہونے کے باعث پارٹی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ ان کے مطابق اگر وہ خود امیدوار ہوتے تو نتائج مختلف ہوسکتے تھے۔ٹرمپ نے سینیٹ کی نشستیں حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے ریپبلکن امیدواروں کی حمایت کے فیصلے کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ انہیں اس پر کوئی پچھتاوا نہیں۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے اپنے فیصلے کو بھی دانش مندانہ قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا۔انتخابی نتائج کے بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ وہ امیدواروں کی کامیابی اور ناکامی کی وجوہات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے سیاسی مبصر کا کردار ادا کرنے کا عندیہ بھی دیا۔انہوں نے سرخ ٹوپی کی تصویر بھی شیئر کی جس پر ’’ویٹو‘‘ درج تھا۔ اس کے ذریعے انہوں نے واضح کیا کہ اگر ڈیموکریٹس کانگریس میں قانون سازی کی کوشش کریں گے تو وہ صدارتی ویٹو کا اختیار استعمال کرسکتے ہیں۔ریپبلکن امیدواروں کی شکست کے باوجود ٹرمپ نے اپنی دوسری صدارتی مدت کے ابتدائی 2 برسوں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ انہیں اپنے اقدامات پر کوئی افسوس نہیں۔
ٹرمپ نے انتخابی شکست قبول کرلی، ڈیموکریٹس سے تعاون پر آمادگی ظاہر
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں