اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافے کی رفتار 0.35 فیصد کم ہوگئی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران 15 اشیائے ضروریہ مہنگی، 12 سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 34.91 فیصد، آلو میں 3.27 فیصد، دال چنا میں 2.11 فیصد، سادہ بریڈ میں 1.29 فیصد، پیاز میں 0.62 فیصد، دودھ میں 0.48 فیصد اور دہی میں 0.46 فیصد اضافہ ہوا۔ ڈیزل 2.53 فیصد، جلانے والی لکڑی 0.20 فیصد اور ویجیٹیبل گھی 0.29 فیصد مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق چکن کی قیمت میں 2.95 فیصد، انڈوں میں 2.81 فیصد، آٹے میں 0.83 فیصد، کیلے میں 0.71 فیصد، ایل پی جی میں 0.73 فیصد، پٹرول میں 0.39 فیصد اور چینی میں 0.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دال مسور، ملک پاؤڈر اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔آمدنی کے مختلف طبقات کے لیے سالانہ مہنگائی کی شرح میں بھی کمی دیکھی گئی۔ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والوں کے لیے یہ شرح 8.07 فیصد، 17 ہزار 733 سے 22 ہزار 888 روپے آمدنی والوں کے لیے 9.92 فیصد اور 22 ہزار 889 سے 29 ہزار 517 روپے آمدنی والوں کے لیے 8.95 فیصد رہی۔اسی طرح 29 ہزار 518 سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے میں مہنگائی کی شرح 9.51 فیصد جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد آمدنی رکھنے والوں کے لیے 12.13 فیصد ریکارڈ کی گئی۔