کراچی (پاکستان خبر)سندھ کے تمام 6 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے میئرز نے نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سندھ کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی وحدت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی، میئر سکھر و ترجمان حکومتِ سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، میئر حیدرآباد کاشف شورو، میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری، میئر لاڑکانہ انور لوہر اور میئر شہید بینظیرآباد (نوابشاہ) قاضی رشید بھٹی نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی وحدت کے ساتھ کھڑے ہیں اور صوبے کی تقسیم ناقابلِ قبول ہے۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں برداشت ہونی چاہیے تاکہ لوگ ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھ سکیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے اسے ’’منتشر قومی موومنٹ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال کی عدم موجودگی جماعت کے اندرونی اختلافات کو ظاہر کرتی ہے، اب نائن زیرو بھی نہیں رہا اور بہادرآباد و رضویہ روڈ کے اختلافات کا ذکر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات کے بجائے عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے اور ان کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔آئینی طریقہ کار کا حوالہ دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 1973 کے آئین میں صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کا طریقہ واضح طور پر درج ہے اور آئینی اصولوں کو نظرانداز کرنا ایک خطرناک مثال بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں اور وہ خود کو اردو بولنے والا سندھی سمجھتے ہیں، اس لیے سندھ کے مستقبل اور صوبائی معاملات پر فیصلے آئین اور منتخب نمائندوں کے ذریعے ہی ہونے چاہئیں، جبکہ سیاسی قیادت کو نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، امن اور رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔دوسری جانب میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی حالیہ پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آئین اور حقائق کے برعکس گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے ووٹ لے کر منتخب ہوئے ہیں اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عوام کی مرضی کے خلاف یکطرفہ دعوے کرے، محض نام کے ساتھ ’متحدہ‘ لگانے سے کوئی متحد نہیں ہو جاتا۔ارسلان اسلام شیخ نے مزید کہا کہ سندھ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا صوبہ ہے جس نے 1947 میں ہجرت کر کے آنے والوں کی کھلے دل سے میزبانی کی اور انہیں محبت و اپنائیت دی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پانچ ہزار سال قدیم تہذیب، صوفی بزرگوں، امن اور بھائی چارے کی سرزمین ہے، اس کی ثقافت کا مذاق اڑانا اور اسے افریقہ کے جنگلات سے تشبیہ دینا ناقابلِ قبول ہے، لہٰذا ایسے بیانات دینے والوں کو اپنے الفاظ واپس لے کر معافی مانگنی چاہیے۔