کراچی( کامرس ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا اختتام مثبت زون میں ہوا، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 610 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 77 ہزار 382 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق کاروبار کے دوران 62 کروڑ شیئرز کے سودے 22 ارب روپے میں طے پائے، جبکہ حصص کی مالیت میں اضافے کے باعث مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 27 ارب روپے بڑھ کر 19 ہزار 260 ارب روپے تک پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق کاروباری سیشن کے آغاز پر مارکیٹ میں حصص کی شدید فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں انڈیکس تیزی سے گر کر دن کی کم ترین سطح ایک لاکھ 76 ہزار 212 پوائنٹس تک آ گیا۔ تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں نے بتدریج خریداری میں دلچسپی ظاہر کی اور فروخت کا دباؤ جذب کرتے ہوئے مارکیٹ کو سنبھالا دیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ہفتہ وار چھٹی سے قبل سرمایہ کاروں کا رویہ مجموعی طور پر محتاط رہا اور ان کی توجہ ملکی سیاسی صورتحال پر مرکوز رہی۔بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی جانب سے جاری کردہ بعد از کاروبار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی مندی کے بعد بھاری وزن کے حامل منتخب حصص میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں بحالی آئی۔ رپورٹ کے مطابق اینگرو ہولڈنگز، حب پاور کمپنی، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان اور میپل لیف سیمنٹ فیکٹری کے حصص نے انڈیکس کو سہارا دینے میں کلیدی کردار ادا کیا اور مجموعی طور پر 904 پوائنٹس کا مثبت حصہ ڈالا۔