کراچی( کامرس ڈیسک)کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو آئندہ ماہ دسمبر میں اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جہاں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ تیار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت دسمبر کے لیے بجلی کی قیمتوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صارفین پر پڑنے والے ممکنہ اضافی مالی دباؤ پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس وقت ملک بھر کے صارفین بلوں میں سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں 2 روپے 89 پیسے فی یونٹ ادا کر رہے ہیں، جو دسمبر میں بڑھ کر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس طرح نومبر کے مقابلے میں صارفین پر 1 روپے 33 پیسے فی یونٹ کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کے نتیجے میں عوام پر کم سے کم مالی دباؤ ڈالا جائے۔دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے جولائی تا ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت آئندہ تین ماہ کے لیے فی یونٹ 1 روپے 34 پیسے اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا رکھی ہے۔ اس درخواست پر نیپرا کی سماعت مکمل ہو چکی ہے تاہم حتمی فیصلہ آنا باقی ہے۔علاوہ ازیں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بھی اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے، جس کا اطلاق بھی دسمبر کے بلوں میں متوقع ہے۔