ریاض ( سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب سعودی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا لوہا منوائے گی۔سعودی عرب کے شہر الخبر میں ’انٹرنیشنل اسپورٹس اکیڈمی‘ کے دورے کے موقع پر پاکستانی صحافیوں اور کمیونٹی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تعاون سے سعودی عرب میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے مقامی شائقین کو عالمی سطح کے مقابلے دیکھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔قبل ازیں الخبر پہنچنے پر انٹرنیشنل اسپورٹس اکیڈمی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مریم عمر نے سابق کپتان شاہد آفریدی، ٹیسٹ فاسٹ بولر سہیل خان اور قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر شاہد آفریدی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی وطنِ عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں، جبکہ یہاں موجود ہزاروں پاکستانی کھلاڑی اپنی محنت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر مملکت میں کرکٹ کے فروغ میں قابلِ ستائش کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے الخبر میں انٹرنیشنل اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کو ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اسکول کی سطح سے ہی بچوں کو جدید خطوط پر کرکٹ کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ان کی جسمانی فٹنس بہتر بنانے اور چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔