واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران مذاکرات کی خواہش تو ظاہر کر رہا ہے لیکن وہ اب تک واشنگٹن کی شرائط تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں، جبکہ تہران پر عائد معاشی دباؤ مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا کہ معاشی پابندیوں اور دباؤ نے خطے میں ایران کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق تہران کے لیے ان سرگرمیوں کی مالی معاونت کرنا اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل ہوتا جا رہا ہے اور ایرانی حکومت کے لیے معاشی حالات بتدریج ابتر ہو رہے ہیں۔امریکی ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ایران پر عائد معاشی دباؤ میں کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ٹومی پگوٹ کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی رابطوں کی خواہش کے باوجود بنیادی معاملات پر ڈیڈلاک بدستور برقرار ہے، تاہم ترجمان نے امریکی شرائط کی تفصیلات یا اس حوالے سے ایرانی ردعمل پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا۔