لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے آسٹریلیا کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ایک تجربہ کار بولر گیند کو دیکھ کر پہچان سکتا ہے کہ اس کے ساتھ قدرتی طور پر رگڑ پیدا ہوئی ہے یا جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔وسیم اکرم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا مؤقف ہے کہ وہ سینڈ پیپر کے استعمال میں ملوث نہیں تھے اور انہیں اس بارے میں علم بھی نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ہفتے سے اس تنازع کے بارے میں سن رہے ہیں اور ان کے دوست پیٹ کمنز نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ ممکن ہے کہ اس وقت ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کو حقیقت کا علم نہ ہو، تاہم یہ ان کی ذاتی رائے ہے جو درست بھی ہو سکتی ہے اور غلط بھی۔سابق فاسٹ بولر نے وضاحت کی کہ گیند کا ایک حصہ رگڑنے اور پچ پر اچھلنے کے باعث اس پر قدرتی خراشیں پڑ جاتی ہیں، لیکن سینڈ پیپر سے لگنے والے نشانات ان سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق تجربہ کار بولر گیند ہاتھ میں لیتے ہی اندازہ لگا سکتا ہے کہ اس کی ساخت کے ساتھ غیر قانونی طور پر چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے یا نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تنازع جلد حل ہو جائے گا۔واضح رہے کہ مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے نے پکڑ لیا تھا۔واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 1، 1 سال جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔حال ہی میں سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس معاملے میں مزید کھلاڑیوں کو بھی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، وسیم اکرم نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کے دعوؤں پر سوال اٹھا دیے
واپس خبروں پر
Category:
کھیل