اسلام آباد (پاکستان خبر) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اگر پنجاب کی بات کرتے ہیں تو انہیں سندھ کی صورتحال کا بھی جائزہ لینا چاہیے، اور اگر ان کے بقول مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تھیں تو بلاول بھٹو پہلے اپنی جماعت کی مخصوص نشستوں سے استعفیٰ دیں۔ایک بیان میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری پہلے اپنی مخصوص نشستوں سے استعفیٰ دیں، اس کے بعد ہم بھی اس معاملے پر سوچیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئین میں ریفرنڈم کرانے کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے، جس کے تحت کسی بھی اہم معاملے پر براہِ راست عوام کی رائے لی جاتی ہے۔ اتحادی تعلقات پر بات کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے اتحادی ہیں اور رہیں گے، جبکہ جمہوری نظام میں اتحادی جماعتوں کو مختلف امور پر الگ مؤقف رکھنے کا پورا حق حاصل ہے۔