کراچی (پاکستان خبر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے پورے پاکستان کو دھمکی دی ہے، جس پر عدالتوں کا ازخود نوٹس لینا بنتا ہے، جبکہ امن و امان قائم کرنے والے ادارے بھی ان کے خونریزی سے متعلق بیان کا نوٹس لیں۔کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو پر نسل پرستی کا الزام عائد کیا اور سوال اٹھایا کہ کیا عزیر بلوچ سے خونریزی کرانی ہے؟ اگر پورے پاکستان میں نئے صوبے بننے ہیں تو خونریزی صرف کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں کیوں ہوگی؟ سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی کون کرے گا؟ یہ علاقے نہ ہاری ہیں اور نہ ہی ہارے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مصنوعی اکثریت کی بنیاد پر حکمرانی کر رہی ہے، تاہم سندھ کی 65 فیصد آبادی نئے صوبے بنانے کا فیصلہ کر چکی ہے اور ہم پاکستان کو کسی بھی قسم کی لسانی تفریق کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ایم کیو ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہم غلام نہیں بلکہ آزادی پھیلانے والے ہیں، اس لیے ذرا سنبھل کر بات کریں۔ ایم کیو ایم نے کبھی کراچی یا مہاجر صوبے کی بات نہیں کی بلکہ ہمارا مؤقف ہے کہ پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے صوبے بننے چاہئیں، اور اگر ملک میں کہیں نئے صوبے کا سب سے مضبوط مقدمہ موجود ہے تو وہ سندھ کے شہری علاقوں کا ہے۔خالد مقبول صدیقی نے سخت لہجے میں کہا کہ آپ دھمکی دے رہے ہیں، کیا کوئی اس کا نوٹس لے گا؟ ہم نہ کسی کو دھمکی دیتے ہیں اور نہ ہی ہمیں کوئی دھمکی دینے کی کوشش کرے۔ آپ ان شہروں کی بات کر رہے ہیں جن کے چلنے سے آپ پلتے ہیں، ہمیں آپ کی بے چینی کا بخوبی علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ اب پورے پاکستان میں ہو رہا ہے اور اس معاملے پر ایوانوں میں بھی گفتگو کی جا رہی ہے؛ سندھ کے شہری علاقوں نے جو بات پہلے کی تھی آج وہی آواز پورے ملک سے اٹھ رہی ہے۔