اسلام آباد (کامرس ڈیسک) حکومت نے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی شفاف نیلامی اور منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مقامی سطح پر تیار ہونے والی ایل پی جی کا بڑا حصہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں نیلام کیا جائے گا۔اس سلسلے میں قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پٹرولیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایل پی جی کی دستیابی، قیمتوں اور منصفانہ تقسیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ایل پی جی کی مناسب قیمتوں پر دستیابی اور غیر منصفانہ نرخوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نیلامی کا نیا طریقہ کار گیس کی منصفانہ تقسیم، ترسیلی نظام میں استحکام اور توانائی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقامی طور پر ایل پی جی تیار کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری تشہیری و فروخت کرنے والی کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے، جبکہ باقی 90 فیصد گیس ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔کمیٹی نے طے کیا کہ نیلامی میں ہر کمپنی کو روزانہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی خریدنے کی اجازت ہوگی، جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں ایل پی جی کی روزانہ پیداوار کی نگرانی کرنے اور اس سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد صارفین کو مناسب نرخوں پر ایل پی جی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے طریقہ کار کی منظوری دی تھی۔